جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

ایشیا کپ، بنگلادیش نے بھارت کو 6 رنز سے مات دے دی

ایشیا کپ 2023ء کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 49 اعشاریہ 5 اوور میں 259 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی طرف سے شبمن گل 121، اکثر پٹیل 42 کے سوا کوئی کھلاڑی لمبی باری نہ کھیل سکا، ایشیا کپ کی فیورٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

تلک ورما 5، کے ایل راہول 19، ایشان کشن 5، سوریا کمار یادو 26، رویندر جدیجا 7 شردل ٹھاکر 11 اور محمد شامی 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کے مستفیض الرحمان 3، تنظیم الحسن اور مہدی حسن نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کی۔

کولمبو میں ایونٹ کا ایک اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر فائنل تک رسائی پانے والی بھارتی ٹیم شکست سے دوچار ہوگئی۔

سری لنکا کے خلاف فائنل سے پہلے بنگلادیش کے ہاتھوں بھارت کی شکست سے ایشیا کپ کے آخری مقابلے میں زبردست مقابلے کی توقع کی جاسکتی ہے۔

 جاری میچ میں بھارت نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بنگلادیشی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 265 رنز بناسکی، کپتان شکیب الحسن نے 80 اور توحید ردوئے 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

بھارت کی طرف سے شردل ٹھاکر نے 3 اور محمد شامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے آغاز پر گفتگو کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ فلڈ لائٹس میں بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، آج کے میچ کےلیے ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.