جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ فائنل مرحلے میں داخل

27ویں چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ فائنل مرحلے میں داخل ہوگئی، آنیہ فاروق نے لیڈیز ٹائٹل جیت لیا، امیچر کا ٹائٹل نعمان الیاس کے نام رہا جبکہ پروفیشنلز ایونٹ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود گالفرز تیسرے روز اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے۔

پی این ایس کارساز کراچی گالف کلب میں جاری چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کے تیسرے روز لیڈیز کیٹیگری کے مقابلے ہوئے جس میں ٹائٹل آنیہ فاروق کے نام رہا، آنیہ فارق کا اسکور80 رہا، حمیرا خالد 82 اسکور کے ساتھ دوسرے اور ابیہا خانم تیسرے نمبر پر رہیں۔

امیچر کیٹیگری کا ٹائٹل نعمان الیاس کے نام رہا، نعمان الیاس نے آخری راؤنڈ میں تین انڈر پار 69 اسکور بناکر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، عمر خالد دوسرے اور ارسلان خان تیسرے نمبر پر رہے۔

پروفیشنل کیٹگری میں تیسرے روز بازی پلٹ گئی، دو روز سے پہلی پوزیشن پر موجود مطلوب احمد چوتھی پوزیشن پر چلے گئے کیونکہ تیسرے روز انہوں نے صرف ون انڈرپار 71 اسکور بنایا، ان کا مجموعی اسکور 208 ہے۔

احمد بیگ بھی دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلے گئے، وہ پہلے دن ٹاپ پوزیشن پر تھے، احمد بیگ نے تیسرے روز 4 انڈر پار 68 کا اسکور بنایا، وہ مجموعی اسکور 206 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

البتہ تیسرے روز محمد شبیر اقبال اور محمد شہزاد کا کھیل سب سے نمایاں رہا، محمد شبیر نے 8 انڈر پار 64 اسکور بنایا اور چھٹی سے دوسری پوزشن پر آگئے، وہ پہلے روز دسویں پوزیشن پر تھے، محمد شہزاد نے تیسرے روز 7 انڈر پار 65 اسکور بنایا اور چوتھی سے پہلی پوزیشن پر آگئے۔

چیمپئن شپ کے تیسرے روز سینئر امیچر کیٹگری کا ٹائٹل اظہر عباس کے نام رہا، اُنہوں نے 77 کے اسکور کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی، اس کیٹیگری میں الطاف ہاشوانی دوسرے اور خالد صدیقی تیسرے نمبر پر رہے۔

جونیئر کی انڈر-15 کیٹگری میں صائم سہیل نے پہلی پوزیشن لی، جونیئر انڈر-17 میں نائل اورنگزیب نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

چیمپئن شپ کا کل آخری دن ہے جس میں پروفیشنلز، سینئر اور جونیئر پروفیشنلز کے مقابلے ہوں گےجس کے بعد اختتامی تقریب ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.