جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

اب مقصود چپڑاسی اور پاپڑ والوں کے کیسز بحال ہوں گے: شعیب شاہین

پاکستان تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی اور لیگل ٹیم کے رکن و قانون داں شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ مقصود چپڑاسی اور پاپڑ والوں کے کیسز سے چھٹکارے کی کوشش کی گئی، مگر اب وہ تمام کیسز بحال ہوں گے اور وہیں سے چلیں گے جہاں روکے گئے تھے۔

سپریم کورٹ کے نیب ترمیم سے متعلق آج کے فیصلے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے شعیب شاہین نے یہ بات کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے آتے ہی سب سے پہلے نیب ترامیم کیں، سپریم کورٹ نے ان ترامیم کو آج کالعدم قرار دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنے کیریئر کا آخری فیصلہ سنا دیا، جس کے 3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل تھے۔

شعیب شاہین کا مزید کہنا ہے کہ بہت ساری ترامیم کی گئیں جن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی، یہ ترامیم شریف فیملی کے ذاتی وکلاء کی جانب سے تیار کی گئی تھیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی اور لیگل ٹیم کے رکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آج بھی نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، امید ہے کہ اب نیب سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال نہیں ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.