جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کیخلاف تحقیقات میرٹ پر ختم کی گئیں: نیب حکام

قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کے خلاف تحقیقات میرٹ پر ختم کی گئیں۔

نیب حکام نے یہ بیان آج سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کے حوالے سے سنائے گئے فیصلے کے تناظر میں جاری کیا ہے۔

نیب حکام کے مطابق نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کے خلاف شکایت کا نیب ترامیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنے کیریئر کا آخری فیصلہ سنا دیا، جس کے 3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل تھے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کے خلاف کوئٹہ میں اثاثہ جات کا کیس کھولا گیا تھا۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ تحقیقات میں نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کے اثاثہ جات نہیں ملے۔

نیب ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کا معاملہ ان کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی کلیئر ہو گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.