جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کے متنازع بینچ نے متنازع فیصلہ دیا، رانا ثناء

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کے متنازع بینچ نے ایک متنازع فیصلہ دیا، سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس نے اپنے ادارے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران رانا ثناء نے کہا کہ ان کی رائے تھی نیب کا بے رحم قانون ختم نہ کیا جائے کیونکہ ہم بھگت چکے ہیں، اب نیب کا پرانا قانون پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور چیئرمین پی ٹی آئی کو مبارک ہو، اب انہیں ضمانت بھی نہیں ملے گی اور 90، 90 دن کے ریمانڈ کاٹنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 13 کے قریب کیسز چیئرمین پی ٹی آئی پر بنتے ہیں، وہ انکوائریز بھگتیں اور مزہ لیں، اب وہ بھگتیں، دیکھتے ہیں اب انہیں تھوک کے حساب سے ضمانتیں کیسے ملیں گی، پی ٹی آئی اب یہ نہیں کہہ سکے گی کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

رانا ثناء نے کہا کہ ہمارے کیسز میں ہم نے انکوائریز بھی فیس کر لیں، نواز شریف کے خلاف سازش 2014 سے شروع ہوئی تھی، وہ عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے باہر گئے تھے، نواز شریف کی لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی ہے، وہ ایک آزاد شہری کے طور پر لوٹیں گے اور حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے، ان کی وطن واپسی کی تاریخ حتمی ہے، 21 اکتوبر کا اعلان پارٹی صدر شہباز شریف نے کیا ہے، نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں، 10 لاکھ کارکن ان کا استقبال کریں گے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا لیکن معاشی استحکام نہیں مل سکا، معاشی بدحالی کا عمل 2017 سے شروع ہوا، بابا رحمتے کی سربراہی میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا گیا، پی ٹی آئی دور کے شیطانی منصوبے کامیاب ہوجاتے تو ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوتا۔

رانا ثناء نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے گزشتہ دور میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جب ہماری حکومت کو ہٹایا گیا اس وقت پیٹرول 65، ڈالر 100روپے کے قریب تھا، خود کو صادق اور امین سمجھنے والے نے ملک کو اخلاقی طور پر تباہ کیا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مار دھاڑ کی حکومت سے نجات نہ دلاتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  مسلم لیگ ن ہی آج بھی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، نواز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کا عزم لے کر پاکستان آ رہے ہیں، پنجاب میں ہر سیٹ پر پارٹی امیدوار کھڑا کریں گے، الیکشن میں انتخابی اتحاد تو بالکل نہیں ہوگا، نواز شریف ڈیل پر یقین نہیں رکھتے، پارٹی کی اپنی ایک لائن ہے، اگلے وزیراعظم نواز شریف ہی ہوں گے۔

 رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں شریک رہنماؤں کو انتخابی حلقہ بندیوں کا علم تھا، میں سمجھتا ہوں پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن میں جانے سے نہیں روکنا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.