جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 3 بلین کمانے کا دعویٰ

جنرل منیجر (جی ایم) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 3 بلین روپے کمانے کا دعویٰ کردیا۔

اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام نے بریفنگ دی اور بتایا کہ جتنی سبسڈی ہم لے رہے ہیں اتنا ہی ٹیکس حکومت کو دے رہے ہیں۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے تحت ریلیف پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

حکا م نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکا ڈیٹا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور نادرا سے منسلک ہے، آئی ٹی اسکین کرکے فوری طور پر اشیا کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔

بریفنگ میں حکام نے یہ بھی کہا کہ روٹین کے کسٹمرز کےلیے قیمتوں پر کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی جارہی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس وقت چینی کی قیمت 146روپے فی کلو ہے، بی آئی ایس پی صارفین کےلیے چینی 100 روپے کلو ہے۔

حکام نے اعداد و شمار پیش کیے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 984 ریگولر اسٹورز ہیں جبکہ فرنچائز اسٹورز کی تعداد 1 ہزار 15 ہے، جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہ ہو وہاں یوٹیلیٹی اسٹور نہیں بن سکتا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کے مطابق ادارے نے پنجاب کو 4، سندھ کو 2، خیبر پختونخوا کو 2 اور بلوچستان کو 1 زون میں تقسیم کر رکھا ہے جبکہ مجموعی طور پر 66 ریجن ہیں۔

قائمہ کمیٹی کو جی ایم یوٹیلیٹی اسٹور ز نے چینی کی ضرورت سے متعلق بتایا کہ ماہانہ 30 ہزار ٹن چینی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن رمضان المبارک میں یہ طلب بڑھ کر 60 ہزار ٹن تک پہنچ جاتی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے چینی کی خریداری ٹینڈرز کے ذریعے کی جاتی ہے۔

اس دوران قائمہ کمیٹی نے اپنی سفارشات پر عمل درآمد نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ کمیٹی کے 4 اجلاس کراچی میں ہوئے، جن کی ایک سفارش پر بھی عمل نہیں ہوا۔

دوران اجلاس قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے کہا کہ کمیٹی آئندہ جو بھی سفارشات دے، اُس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

جی ایم یوٹیلیٹی اسٹورز نے کہا کہ ہمارے پاس ریگولر، کانٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کے ملازمین ہیں، ادارے کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے کافی منافع ہوا ، ہم نے اس عمل سے 3 بلین روپے کمائے ہیں، جتنی سبسڈی ہم لے رہے ہیں، اتنا ہی ٹیکس حکومت کو دے رہے ہیں۔

اس دوران سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ عمر کوٹ میں یوٹیلیٹی اسٹورز سے ایک بندے نے چینی لے کر عام مارکیٹ میں بیچ دی تھی۔

اس پر چیئرپرسن کمیٹی نے استفسار کیا کہ سسٹم میں لائے بغیر کیا کوئی یوٹیلیٹی اسٹور سے سامان لے کر بیچ سکتا ہے؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.