منگل25؍صفر المظفر 1445ھ12؍ستمبر2023ء

بھارتی فوجی افسر نے شادی پر اصرار کرنے والی نیپالی گرل فرینڈ کو قتل کر ڈالا

بھارتی فوجی افسر نے شادی پر اصرار کرنے والی  نیپالی گرل فرینڈ کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘  کے مطابق بھارتی فوجی افسر اپادھیائے کا نیپالی لڑکی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا، متاثرہ نیپالی لڑکی، شریا شرما نے ملزم، فوجی افسر سے سلی گڑی کے ایک ڈانس بار میں ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کا افیئر تین سال سے چل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق فوجی افسر ہی نیپالی لڑکی کو مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں واقع ایک ڈانس بار سے اترکھنڈ لے کر آیا تھا۔

پولیس نے فوجی افسر کے ہاتھوں نیپالی لڑکی کے قتل کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق  فوجی افسر شادی شدہ تھا اور اس کے 30 سالہ نیپالی خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جب نیپالی خاتون نے فوجی افسر پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کیا تو افسر نے اسے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی افسر اپادھیائے اپنا تبادلہ دہرادون ہونے کے بعد نیپالی خاتون کو بھی اپنے ساتھ دہرادون لے آیا تھا جہاں اس نے خاتون کے لیے کرائے پر ایک فلیٹ لیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی افسر نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتے کی رات شریا شرما کو لانگ ڈرائیو پر جانے کی پیشکش کی جس پر وہ راضی ہوگئی۔ 

اپادھیائے کے مطابق وہ شریا کو شہر کے مضافات میں واقع ایک سنسان جگہ تھانو روڈ پر لے گیا تھا جہاں اُس نے شریا کے سر پر ہتھوڑے سے بار بار وار کیے یہاں تک کہ وہ مر گئی۔

پولیس کے مطابق شریا کو قتل کرنے کے بعد، اپادھیائے نے اس کی لاش کو سڑک کے کنارے پھینکا اور وہاں سے بھاگ گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.