منگل25؍صفر المظفر 1445ھ12؍ستمبر2023ء

آئی آئی چندریگر روڈ پر آہنی گِرل کی بے ترتیبی سے ٹریفک حادثات معمول بن گئے

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر آہنی گرل کی بے ترتیبی کی وجہ سے رات کو ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں اور صرف ایک ماہ میں درجن سے زائد گاڑیاں تباہ اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ 

آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس سے ٹاور کی طرف صبح کے اوقات میں ٹریفک کا شدید دباؤ ہوتا ہے، ٹریفک پولیس گاڑیوں کی روانی برقرار رکھنے کے لیے روڈ پر آہنی گرل رکھ کر ٹاور جانے والے ٹریک کو کھلا کر دیتی ہے۔ 

اسی طرح سہہ پہر کے بعد ٹاور سے شاہین کمپلیکس کی طرف جانے والا ٹریفک زیادہ ہوتا ہے تو روڈ کے ڈاؤن ٹریک کو کھلا کر دیا جاتا ہے، رات 9 بجے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک انتہائی کم اور 12 بجے کے بعد نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے ایسے میں پولیس آہنی گرل کو اپنی جگہ سے نہیں ہٹاتی۔ 

آہنی گرل کسی ایک جگہ پر لائن دو جبکہ کسی دوسرے مقام پر لائن تین میں ہوتی ہے، سڑک خالی ہونے کی وجہ سے گاڑیاں تیز رفتاری سے گزرتی ہیں اور  ہر رات کوئی نہ کوئی گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے لیکن ٹریفک پولیس کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک فلو ختم ہونے کے بعد ان رکاوٹوں کو سڑک سے ہٹایا جائے یا پھر کم از کم انہیں درمیانی لائن پر رکھا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.