اتوار 23؍صفر المظفر 1445ھ10؍ستمبر 2023ء

موچکو ٹول پلازہ پرکار سوار کی فائرنگ سے کیشئر زخمی، مقدمہ درج

موچکو ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس مانگنے پر کار سوار نے گولی مار کر کیشئر کو زخمی کردیا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ٹول ٹیکس مانگنے پر تلخ کلامی کے بعد کار سوار نے فائرنگ کی، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔

کراچی کے ضلع کیماڑی میں حب ریور روڈ کے موچکو ٹول پلازہ پر ٹیکس مانگنے پر فائرنگ کرنے والے کار سوار کے خلاف موچکو تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی عارف اسلم راؤ کے مطابق زیر دفعہ 324 درج کی گئی ہے جس میں کار نمبر BAZ-505 کے نامعلوم ڈرائیور کو نامزد کیا گیا ہے۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے ٹول پلازہ کیشیئر ابرار احمد اس مقدمے میں مدعی ہیں۔

مدعی کے مطابق وہ جیک آباد کے رہائشی اور لکی چورنگی موچکو ٹول پلازہ پر کیشیئر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

مدعی کے مطابق صبح 9 بجکر 50 منٹ پر کار نمبر بی اے زیڈ 505 کے ڈرائیور نے ٹول کی رقم مانگنے پر اسے گالی دی جس کے جواب میں اس نے بھی گالی دی تو ڈرائیور نے اسلحہ نکال کر اسے جان سے مارنے کی غرض سے فائرنگ کر دی جس سے مدعی کا دایاں بازو زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق زخمی سول اسپتال میں زیر علاج ہے۔ مقدمے کی تفتیش انویسٹی گیشن شعبہ کو منتقل کر دی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.