بدھ 26؍صفر المظفر 1445ھ13؍ستمبر 2023ء

شیخوپورہ: انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹنے کا مقدمہ ڈرائیور کے خلاف درج

شیخوپورہ میں خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج کے قریب مسیحی زائرین کی بس اُلٹنے سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 57 مسافر شدید زخمی ہوئے۔ بس سیالکوٹ سے مریم آباد جا رہی تھی، حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کے مطابق سیالکوٹ سے مریم آباد جانے والی بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب اُلٹ گئی، حادثے میں 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ موٹر وے پر خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب پیش آیا، تمام زخمیوں اور ہلاک افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے 57 زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر خانقاہ ڈوگراں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال شیخوپورہ منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق الیاس نامی مسافر کی مدعیت میں بس ڈرائیور عرفان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مسافر کا کہنا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتاری اور غفلت سے بس چلا رہا تھا، مسافروں کے بار بار منع کرنے کے باجود وہ باز نہیں آیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.