بدھ 26؍صفر المظفر 1445ھ13؍ستمبر 2023ء

ایشیاکپ: پاک بھارت میچ مسلسل بارش کے باعث معطل، کل دوبارہ شروع ہوگا

ایشیاکپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کرکے ریزرو ڈے پر منتقل کردیا گیا۔  

کولمبو میں جاری اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

میچ کے ابتدائی 16 اوورز میں پاکستانی بولرز کوئی وکٹ نہ لے سکے اور بھارتی اوپنر روہت شرما اور شبمن گل کے درمیان 121 رنز کی پارٹنرشپ لگی۔ 

دونوں بھارتی اوپنرز کے درمیان قائم ہونے والی سنچری پارٹنرشپ کو اسپن بولر شاداب خان نے 16.4 اوورز میں توڑا۔

شاداب خان نے 121 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی، انہوں نے روہت شرما کو 56 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے 123 رنز پر بھارت کے دوسرے اوپنر شمبن گل کو آؤٹ کیا، وہ 58 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جب بارش کے باعث کھیل روکا گیا تو اس وقت تک بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رن بنالیے۔

ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17 رنز بنا کر کیریز پر موجود ہیں۔ 

میچ جب روکا گیا تو اس وقت موسلادھار بارش ہوئی، بارش رکنے کے بعد مختلف مواقع پر گراؤنڈ کی انسپیکشن کی گئی۔

تاہم گراؤنڈ میں جب دوبارہ بارش شروع ہوئی تو امپائرز نے آج کے میچ کو معطل کرکے ریزرو ڈے پر منتقل کردیا۔ 

میچ کل یہیں سے پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ 

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بولنگ کا فیصلہ پِچ دیکھ کر کیا ہے، ہماری ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ پلیئرز فارم میں ہیں ہر میچ کو نیا سمجھ کر کھیلتے ہیں۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ فرق نہیں پڑتا پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ ہمیں اچھا پرفارم کرنا ہے۔

روہت شرما نے مزید کہا کہ ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ایشیا کپ کا ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے۔

دوسری جانب آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، صبح سورج نکل آیا تھا مگر کولمبو میں آج بارش کا 80 فیصد تک امکان ہے،  دن کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایشیا کپ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں گی۔

پاک بھارت میچ سے متعلق حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کی صورت میں میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ہی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔

آج بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔

آج کے میچ کو لے کر سوشل میڈیا پر بھی پاک بھارت کرکٹ شائقین کی جنگ جاری ہے اور دونوں طرف سے صارفین اپنی اپنی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ دیگر ملکوں کے صارفین اس صورتِ حال پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

کولمبو کے میدان میں ایکشن سے پہلے ’جیو نیوز‘ پر بھی پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کا ٹاکرا ہوا۔

سابق بھارتی کپتان اظہر الدین نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم فارم میں ہے لیکن کوہلی سے امیدیں ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان آنا چاہیے تھا۔

سابق بھارتی کرکٹر کپیل دیو نے کہا کہ بہت ساری چیزیں ہونی چاہئیں تھیں جو نہیں ہو رہیں۔

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کی باڈی لینگویج کمزور نظر آئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.