ہفتہ 22؍صفر المظفر 1445ھ9؍ستمبر 2023ء

ایشیاکپ: سری لنکا نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دیدی

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ 

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے 258 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 236 رنز بناسکی۔ 

بنگلادیش نے سری لنکا کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ 

سدیرا سمارا وکراما نے 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ان کے علاوہ کوشل مینڈس 50 اور پاتھم نسانکا 40 رنز بنا کر قابلِ ذکر بلے باز رہے۔ 

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود اور تسکین احمد نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شرف الاسلام 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ 

ہدف کے تعاقب میں 55 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے ساتھ بنگلادیش کا آغاز اچھا رہا، تاہم مڈل میں یکے بعد دیگر 4 اہم وکٹیں گرنے کے بعد ہوم ٹیم نے شکیب الیون کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

اوپنرز مہدی حسن نے 28 اور محمد نعیم نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔ کپتان شکیب الحسن 3 اور لٹن داس 15 رنز کے مہمان ٹھہرے۔  

ایسے میں توحید ہردوئے اور مشفق الرحیم کے درمیان پارٹنرشپ نے ٹیم کو سنبھالا لیکن 28 رنز بنانے والے مشفق زیادہ دیر توحید کا ساتھ نہ نبھاسکے۔ 

سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر میچ میں واپسی کی، تاہم توحید ہردوئے کی جانب سے مزاحمت کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

مہیش تھیکشنا نے توحید ہردوئے سمیت 3 اہم وکٹیں لے کر بنگلادیش کے جیت کے خواب کو چنکاچور کردیا۔  

انکے علاوہ کپتان داسن شناکا اور متھیشا پتھیرانا نے بھی تین تین کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا جبکہ ایک وکٹ دونتھ ویلالاگا کے حصے میں آئی۔  

سری لنکا کے سماراوکراما کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان ڈاسن شناکا نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پِچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور رات میں گیند سوئنگ ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

اس موقع پر بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ میچ جیتنا ضروری ہے، آج ٹیم میں اضافی بولر شامل کیا ہے، ٹیم میں عفیف حسین کی جگہ نسیم احمد کو شامل کیا ہے۔

یاد رہے کہ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی شکست دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.