اتوار 23؍صفر المظفر 1445ھ10؍ستمبر 2023ء

سندھ میں سینئر پولیس افسران کا بحران برقرار

سندھ کے نئے اور جونیئر انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار راجہ سے سینئر افسران کی ناراضگی بدستور برقرار ہے۔

تعیناتی پر بد دلی کا شکار ایسے بیشتر سینئر پولیس افسران مسلسل رخصت پر ہیں اور صوبے میں گریڈ 20 اور 21 کے افسران کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

صوبے کی پولیس کا نظم و نسق چلانے کے لیے آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند کو مزید 3 ایڈیشنل آئی جیز کے عہدوں کی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔

آئی جی سندھ رفعت مختار نے اس سلسلے میں احکامات جاری کر دیے ہیں۔ گریڈ 21 کے عمران یعقوب منہاس کے رخصت پر جانے سے خالی ہونے والے دو عہدوں کا چارج خادم حسین رند کے حوالے کیا گیا ہے۔

پولیس چیف کراچی خادم حسین اب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کا چارج بھی سنبھالیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کے عہدے کا چارج بھی خادم حسین رند سنبھالیں گے۔

آرڈر کے مطابق ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو، ڈی آئی جی آئی ٹی کا چارج بھی سنبھالیں گے۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد زبیر دریشک، ڈی آئی جی فنانس اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کا بھی اضافی چارج سنبھالیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عبدالقادر قیوم، ایڈیشنل آئی جی آپریشن اور ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سندھ کا بھی اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.