اتوار 23؍صفر المظفر 1445ھ10؍ستمبر 2023ء

سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ کی ایشیا کپ کولمبو میں کرانے پر تنقید

سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ نے ایشیا کپ کولمبو میں کرانے پر سخت تنقید کی ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ اس بات کی حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ میچز ہمبنٹوٹا کیوں شفٹ نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ تاثر دیا گیا ہے کہ پلیئرز ہمبنٹوٹا نہیں جانا چاہتے تھے، اب صرف امید ہی کر سکتے ہیں کہ میچز بارش سے متاثر نہ ہوں۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں رات سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پتا لگانا ہوگا کہ خراب موسم کے باوجود کولمبو میں ہی میچز کیوں رکھے گئے، پلیئرز کا سکون اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ کھلاڑی کرکٹ کھیلیں۔

بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ ایشیا کپ میں ہر کوئی ورلڈ کپ سے قبل اپنا کامبی نیشن دیکھ سکتا ہے، پلیئرز کو بھی سمجھنا ہوگا کہ اگر ایک دو روز زیادہ سہولیات والی جگہ نہیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ کھلاڑی میچ کے لیے پورا ماہ تیاری کرتے ہیں، اگر دو روز کم وسائل سے ٹریننگ کرنا پڑی تو کیا ہوا؟

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہمارے وقت میں وینیو پر پلیئرز کی رائے نہیں ہوتی تھی، جہاں میچ ہو وہاں ہم کھیلتے تھے۔

ایشیا کپ 2023ء کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش کے خلاف فتح کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر آگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وینیو کیا ہوگا یہ پلیئرز کا مسئلہ ہونا بھی نہیں چاہیے، یہ آفیشلز کا کام ہے کہ وہ دیکھیں کہ کہاں میچز ہوسکتے ہیں۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کولمبو میں اب صرف ٹیموں کے درمیان سوئمنگ کا مقابلہ ہوگا، دمبولا ایک مکمل انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہے، پتا نہیں وہاں میچز کیوں نہیں کرائے جارہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اگر میں ہوتا تو کولمبو میں سورج نکلنے کا انتظار کرنے کی بجائے دوسری جگہ کرکٹ کھیل لیتا، میچ کے لیے ٹریننگ کی سہولیات کے فقدان کا بہانہ غیر منطقی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.