بدھ 19؍صفر المظفر 1445ھ6؍ستمبر 2023ء

ایشیا کپ: بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے شاندار آغاز کیا۔

شاہین آفریدی نے اننگ کا پہلا اوور میڈن کرایا جس کے بعد دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے بنگلادیش کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

نسیم شاہ نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر مہدی حسن کو صفر پر کیچ آؤٹ کرایا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد نعیم اور لٹن داس نے پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی جسے شاہین آفریدی نے 4.5 اوورز میں ہی ناکام بنادیا۔

فاسٹ بولر نے 31 رنز پر بنگلادیش کے بیٹر لٹن داس کو 16 رنز پر کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان کے لیے دوسری وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگر ہم زیادہ رنز بناتے ہیں تو اس سے مخالف ٹیم پر دباؤ پڑے گا۔

شکیب الحسن نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے خلاف جو کچھ کیا اسے دہرانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں دنیا کی نمبر ون ٹیم کا سامنا ہے اس لیے ہمیں اپنا بہترین کھیل کھیلنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، گزشتہ رات ہم نے دیکھا کہ حالات نے فاسٹ بولرز کی مدد کی، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.