بدھ 19؍صفر المظفر 1445ھ6؍ستمبر 2023ء

ہدف ہر فارمیٹ میں پاکستان کو نمبر ون بنانا ہے، ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا ہے کہ ہدف ہر فارمیٹ میں پاکستان کو نمبر ون بنانا ہے، ہمیں ہر لمحہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنا ہے، ہم نے 1992 سے ورلڈکپ نہیں جیتا، طویل عرصہ سے کوئی ٹرافی نہیں جیتی۔

گرانٹ بریڈ برن نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم شدت سے ٹرافیاں جیتنا چاہتے ہیں، اگر اب نہیں جیتیں گے تو کب جیتیں گے؟ اگر یہ پلیئرز نہیں جیتیں گے تو کون جیتے گا؟

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ایشیا کپ سپر 4 کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ہمیں ٹرافی جیتنے والی ٹیم بننا ہے، ہم پچھلے چند سالوں کی کارکردگی سے اب بھی وہاں نہیں جہاں ہونا چاہیے، کھلاڑیوں کو کہا ہے ہر روز اپنی کارکردگی پہلے سے بہتر کریں۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ پلیئرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، نتائج بھی ہمارے حق میں آ رہے ہیں، ہمیں ہر پلیئر کا اندازہ ہے کہ وہ اسکواڈ میں کیا حیثیت رکھتا ہے، ٹیم میں کئی پوزیشنز کےلیے متعدد امیدوار موجود ہیں۔

ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم نے کہا کہ آپس کے مقابلے سے پلیئرز کو اندازہ رہتا ہے کہ ٹیم میں رہنے کےلیے کارکردگی دکھانا ہوگی، کوچنگ اسٹاف کو اندازہ ہے کہ پلیئرز انسان ہیں، مشین نہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ماضی پر میں بات نہیں کرتا، بھارت سے جب میچ ہوگا تب دیکھیں گے۔

بریڈبرن نے کہا کہ ٹیم میں بابر اور شاہین جیسے کھلاڑیوں کا ہونا کافی مفید ہے۔ کبھی کبھار لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ پلیئرز ہر میچ میں پرفارم کریں، ایسا ہو نہیں سکتا، پلیئرز کو اندازہ ہے کہ 24 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کرنا کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اگلے 12 دنوں میں ایشیا کپ ٹرافی پاکستان لے کر آئیں، ورلڈ کپ کیلئے ہماری تیاری درست سمت میں جا رہی ہے۔

گرانٹ بریڈبرن نے مزید کہا کہ میں یقینی بنانا چاہتا ہوں ہم ہر روز پرفارمنس میں بہتری لائیں، ہم نے اننگز کے وسط میں اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی کوشش کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.