پیر 17؍صفر المظفر 1445ھ4؍ستمبر 2023ء

یہ نئی روش ہے عدالتیں ملزم کو گھر پہنچانے کی گارنٹی مانگتی ہیں، عطا تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اس ملک کی عدالتی تاریخ عجیب و غریب ہے، یہ نئی روش ہے عدالتیں ملزم کو گھر پہنچانے کی گارنٹی مانگتی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آپ تب کہاں تھے جب رانا ثناء اللّٰہ پر منشیات ڈالی گئی تھیں، آپ تب کہاں تھے جب فریال تالپور کو چاند رات کو جیل بھیجا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے، لاہور کے ماسٹر پلان میں تبدیلیاں کی گئیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہمیں نہیں پتا تھا پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کون تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا پنجاب کا بڑا ڈاکو کون ہے، پرویز الہٰی پر کوئی نیا کیس نہیں بنایا گیا، ان کا اپنا کیا دھرا ہے، مونس الہٰی نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے، بزرگ والد کو اس حالت میں چھوڑ کر بیٹا عیاشی کر رہا ہے، پرویز الہٰی ان پین، مونس ان اسپین۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیموں سے پیسے بٹورے گئے، جو پیسے ویلفیئر میں جاتے ہیں، وہ بھی حکومت پنجاب گجرات پر لگا رہی تھی، ہاؤسنگ مافیاز سے پیسے لیے گئے، گرین ایریا کا تناسب ڈسٹرب نہیں ہونا چاہیے، کئی سو ارب روپے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو نے لینے تھے، لاہور کے ماسٹر پلان میں اربوں روپے کی کرپشن کا حساب کس نےدینا ہے، پنجاب میں کی گئی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہروں میں گرین ایریاز ماحول اور آب و ہوا کی بہتری کے لیے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی دور میں لاہور کے ماسٹر پلان میں تبدیلیاں کی گئیں، ان کے دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے، پنجاب میں عوام کےحق پر ڈاکا ڈالا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.