پیر 17؍صفر المظفر 1445ھ4؍ستمبر 2023ء

پہلی دفعہ کسی جج نے پولیس کو کہا کہ گھر چھوڑ کے آؤ، عطا تارڑ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے وکلاء یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ پولیس افسران کو سزائیں دلوا کر رہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں عطا اللّٰہ تارڑ نے پرویز الہٰی کے وکلاء دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی بات ہو گئی ہے، کورٹ نوٹس کرے گی اور پولیس افسروں کو توہین عدالت پر سزائیں سنائے گی۔

عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے اس شخص نے ہمیشہ یہ بھڑکیں ماریں کہ میں نے عدالتوں کو مینج کر لیا ہے، اب اگر ان کے وکلاء وقت سے پہلے یہ کہہ رہے ہیں کہ جج صاحب کل ہی پولیس افسران کو سزائیں دے دیں گے تو یہ سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ وہ کرپشن کا پیسہ جاتا کہاں ہے، جو 2300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی بازیابی اور پولیس افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران کو طلب کر لیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پرویز الہٰی کے وکلاء اور لاہور ہائی کورٹ کے جج کے درمیان کیا طے پایا؟ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے کی رہائی کی خاطر توہین عدالت لگانے کی ڈیل ہوئی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلی دفعہ کسی جج نے پولیس کو کہا کہ گھر چھوڑ کے آؤ، یہ تاریخی کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے۔

واضح رہے کہ چودھری پرویز الہٰی نے  لاہور ہائی کورٹ سے گھر تک سیکیورٹی فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔

جسٹس امجد رفیق نے کہا تھا کہ پنجاب پولیس کے افسر کو کہتے ہیں کہ انہیں چھوڑ آئیں، رجسٹرار کو بلا کر ڈائریکشن بھی دے دیتے ہیں۔

عدالت نے پرویز الہٰی کو گھر چھوڑنے کے لیے پولیس کو ہدایت کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.