پیر 17؍صفر المظفر 1445ھ4؍ستمبر 2023ء

بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روکنے کی درخواست دائر

لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے نامعلوم مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری سے روکنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

بشریٰ بی بی کی درخواست میں وفاق، پنجاب حکومت، سیکریٹری داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں اسلام آباد، بلوچستان، سندھ، پنجاب، کے پی کی پولیس، اینٹی کرپشن اور نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ میرے شوہر کو غیر قانونی طور پر وزیرِ اعظم کے عہدے سے ہٹا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نعیم پنجوتھا نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

درخواست میں بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے اور شوہر کے خلاف خفیہ مقدمات کی بھر مار کی گئی تاکہ عبوری ضمانت حاصل نہ کر سکیں۔

بشریٰ بی بی کا درخواست میں مؤقف ہے کہ ہائی کورٹ 21 جون کو مجھے کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک چکی ہے۔

درخواست میں بشریٰ بی بی نے مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت کے 21 جون کے حکم کے بعد بھی خدشہ ہے کہ لا تعداد خفیہ مقدمات درج کیے جا چکے ہوں گے۔

عدالت سے بشریٰ بی بی نے استدعا کی ہے کہ 21 جون کے بعد درج خفیہ مقدمات اور نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں۔

درخواست میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ عدالتی حکم کے بعد نیب، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے میں شروع کی گئی انکوائریز اور نوٹسز کالعدم قرار دیے جائیں۔

بشریٰ بی بی نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات دی جائیں، درخواست کے حتمی فیصلے تک تمام مخالف فریقین کو گرفتاری سے روکا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.