پیر 17؍صفر المظفر 1445ھ4؍ستمبر 2023ء

ایشیا کپ: بھارت کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم جلد وکٹیں گنوانے کے بعد سنبھل گئی۔ ہاردیک پانڈیا اور ایشان کشن کے درمیان سنچری پارٹنرشپ لگ گئی۔ 

بڑی وکٹیں گرنے کے بعد ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے 71 گیندوں پر68 رنز کی شراکت قائم کرلی ہے، دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ 12 اوورز کے دوران پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

ہاردیک پانڈیا 32 جبکہ ایشان کشن 48 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔

میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت بھارت کے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔

بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے بھارتی کپتان کو 11 رنز پر بولڈ کردیا۔

شاہین آفریدی نے اننگ کے 5 ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

اننگ کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔

بھارت کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم ا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔

اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلیے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 150 کا ہندسہ عبور کروایا۔  

ایشان کشن نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری مکمل کی۔ 

خیال رہے کہ پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ اچھا اسکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔

بھارت کے خلاف آج بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف میچ کھیلیں گے۔

بھارت کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شریاس ائیر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شردل ٹھاکر، جسپرت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔

آج کے میچ سے متعلق جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اس میچ میں پاکستان ٹیم مضبوط ہے۔

ایشیا کپ کا پاکستان میں آغاز ہوگیا جہاں گزشتہ روز ملتان میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان نے باآسانی نیپال کو شکست دے دی تاہم اب شائقین کرکٹ کو 2 سمتبر کو پاک بھارت ٹاکرے کا انتظار ہے۔

اسی پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ بھارت کی ٹیم تذبذب کا شکار ہے، پلیئنگ کنڈیشنز کو دیکھ کر کپتان آخری لمحات میں کچھ فیصلے لیتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان ٹیم کے سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ اس کنڈیشنز میں اگر پاکستان پہلے بولنگ کرے تو فائدہ ہوگا، بڑا میچ ہے اور موسم کی وجہ سے کپتان اپنے منصوبے میں تھوڑی تبدیلی کرتے ہیں۔

اس پروگرام میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.