چاقو کے 38 وار کر کے گرل فرینڈ کو قتل کرنے والا مجرم جیل سے فرار، گرفتاری میں مدد پر 10 ہزار ڈالر کا انعام

Danelo Cavalcante

،تصویر کا ذریعہUS MARSHALS SERVICE

،تصویر کا کیپشن

ڈاینیلو برازیل میں بھی قتل کے جرم میں مطلوب ہے

  • مصنف, برنڈ ڈیبزمین
  • عہدہ, بی بی سی نیوز، واشنگٹن

امریکی ریاست پینسلوینیا میں پولیس ایک ہفتے قبل قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے برازیلی شہری ڈانیلو کیولکانٹے کو تلاش کر رہی ہے جو جیل سے فرار ہو گیا ہے۔

34 سالہ ڈینیلو کیولکانٹے جمعرات کی صبح چیسٹر کاؤنٹی جیل سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس نے خطرناک مجرم کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے کو دس ہزار ڈالر کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈینیلو کیولکانٹے کو ایک ہفتہ قبل اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو اس کے دو چھوٹے بچوں کے سامنے چاقو کے وار کر کے قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

کیولکانٹے برازیل میں بھی قتل کے الزام میں مطلوب ہیں۔

جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں جیل کے قائم مقام وارڈن ہاورڈ ہالینڈ نے مجرم کے جیل سے فرار ہونے کے بارے میں کوئی تفصیلات تو فراہم نہیں کیں اور صرف یہ کہا کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

کیولکانٹے کو جیل سے فرار ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد قریبی قصبے پوکوپسن میں ایک سڑک پر چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

مواد پر جائیں

ڈرامہ کوئین

ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

پولیس نے جیل کے ارد گرد چھ میل کے دائرے کے رہائشیوں کو ایک خطرناک مجرم کے جیل سے فرار ہونے کے بارے میں مطلع کیا ہے اور رہائیشیوں کو متنبہ کیا کہ وہ اس سے محتاط رہیں۔

قانون نافذ کرنے والے درجنوں ادارے اب اس کی تلاش میں مصروف ہیں اور انھوں نے اس کی تلاش میں مدد کے لیے کتوں، ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کو تعینات کیا ہے۔

چیسٹر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ڈیب ریان نے جمعرات کے روز شہریوں سے کہا ہے کہ اگر وہ انھیں نظر آئے تو اس کے قریب نہ جائیں اور پولیس کو اس کی موجودگی کے بارے میں 911 نمبر پر مطلع کریں۔

حکام کے مطابق کیولکانٹے نے اپریل 2021 میں سابق گرل فرینڈ ڈیبورا برانڈو کو اس کے بچوں کے سامنے چاقو مار کر ہلاک کر دیا تھا، جو اس وقت چار اور سات سال کے تھے۔ قتل کے دوران برانڈو پر 38 بار چاقو سے وار کیا گیا تھا۔

اس واردات کے چند گھنٹوں بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔

چیسٹر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے گذشتہ ہفتے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ برانڈو نے برازیل میں قتل کے وارنٹ کے بارے میں جاننے کے بعد کیولکانٹے کو پولیس کے سامنے بے نقاب کرنے کی دھمکی دی تھی۔

چیسٹر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ریان نے مقامی اخبار ’ڈیلی نیوز‘ کو بتایا کہ گینگ کے سابق رکن کیولکانٹے نے 2017 میں برازیل میں ایک شخص کو قتل کیا تھا جس پر اس کی رقم واجب الادا تھی۔

BBCUrdu.com بشکریہ