منگل 11؍صفر المظفر 1445ھ29؍اگست 2023ء

کراچی کی مصروف ترین شاہراہ فیصل پر شیر آگیا

کراچی کی مصروف ترین شاہراہ فیصل پر شیر آگیا جو ٹہلتا ہوا ایک عمارت کی پارکنگ میں پہنچ گیا، تاہم وائلڈ لائف کی ٹیم نے اسے قابو کرکے پنجرے میں ڈال دیا۔

شاہراہ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب شیر سڑک پر آگیا، جس کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر شہریوں کا بھی علاقے میں رش لگ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ذریعے شیر کو منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ گاڑی سے باہر نکل آیا، وائلڈ لائف حکام سے بھی رابطہ کیا گیا۔

پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا، ڈرائیور کا کہنا ہے کہ شیر کو منتقل کررہا تھا کہ شیر گاڑی سے باہر آگیا تھا۔

اس موقع پر شاہراہ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے سامنے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، پولیس شہریوں کو دور ہٹاتی رہی۔

سربراہ محکمہ وائلڈ لائف سندھ جاوید مہر کا کہنا ہے کہ پالتو شیر کو مالک آسانی سے قابو کرسکتا ہے، شیر کے آس پاس رش نہ لگایا جائے۔

شیر کے مالک کو کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شیر کے مالک کا کہنا ہے کہ شیر بیمار تھا اسے علاج کیلئے لے جارہے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.