منگل 11؍صفر المظفر 1445ھ29؍اگست 2023ء

سعودی عرب: نوجوان پاکستانی حافظ اعظم طارق مقابلہ قرات کے آخری مرحلے میں پہنچ گیا

پاکستان کا نوجوان حافظ اعظم طارق بن حسن زیب اپنی خوبصورت آواز اور بہترین قرات کی بدولت سعودی عرب میں مقابلہ قرات کے آخری مرحلے میں پہنچ گیا۔ فاتح کو دو لاکھ ریال انعام ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق بیت السلام کے طالب علم حافظ اعظم طارق بن حسن زیب وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کے زیر انتظام اسلام آباد میں منعقد ہونے والے فائنل مقابلہ حفظ و قرات میں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد آج کل حرم مکہ میں جاری حفظ قرآن کریم کے عالمی مقابلے مسابقة الملک عبدالعزیز میں شریک ہیں۔

الحمد فائنل راؤنڈ میں بھی وہ شامل رہے، یاد رہے اس مقابلے کے کامیاب شرکا کیلئے انعام کی تفصیل یہ ہے:

بیت السلام کیمپس سے تعلق رکھنے والے یہ ننھے حافظ 14 سال کی عمر میں اس عالمی مقابلے میں پاکستان کی اکیلے نمائندگی کرتے ہوئے اپنی مسحور کن آواز میں تلاوت اور کم عمر حافظہ میں اپنی خداداد صلاحیت کی بدولت سعودی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ مختلف میڈیا چینلز وقتاً فوقتاً اس بچے کا انٹرویو کرکے اس کی تلاوت لائیو نشر کر رہے ہیں، جو کہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ حافظ اعظم طارق گزشتہ 4 سال سے بیت السلام میں زیر تعلیم ہیں، اس دوران انہوں نے ادارے کی سطح پر اسی طرح مقامی اور ملکی سطح پر کئی چھوٹے بڑے حفظ قرآن کے مقابلوں میں حصہ لیا اور اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنے اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں اور اپنی صلاحیت کی بدولت مقابلوں میں کئی ٹائٹل اپنے نام کیے۔

ملکی سطح پر وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کی طرف سے منعقد ہونے والے ضلعی سطح اور صوبائی سطح کے مقابلے میں اول آنے کے بعد قومی سطح کے مقابلے میں بھی سرخرو ہوئے اور آج عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئی ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.