پیر 10؍صفر المظفر 1445ھ28؍اگست 2023ء

آرمی چیف کی معیشت بحالی کیلئے نگراں حکومت کی پالیسوں کے تسلسل میں حمایت کی یقین دہانی

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی نے گزشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی توثیق کردی جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی کےلیے نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروادی۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ حکومت کے منظور کردہ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی سے متعلق منصوبوں کی توثیق کی گئی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اقدام کے تحت مثبت تحرک جاری رکھنے کےلیے ایس آئی ایف سی کی چوتھی ایپکس کمیٹی کا نگراں حکومت کی قیادت میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔

 کابینہ نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات کا مکمل جائزہ لیا جس میں اہم شعبوں میں پیشرفت اور اس طرح بہت کم وقت میں حاصل کی گئی کامیابیاں شامل ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے بھرپور ہم آہنگی کو حاصل کرنے کے لیے ایک اشتراکی "پورے حکومتی نقطہ نظر” کے ذریعے ایس آئی ایف سی کے مؤثر کام کی تعریف کی۔ 

ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور دوست ممالک کے ساتھ جاری مصروفیات کو سراہا جس میں مملکت سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سیکیورٹی (آئی او ایف سی) کے اعلیٰ سطحی وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔

ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔

نگراں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پہلے سے حاصل کیے گئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نشاندہی کیے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کےلیے پالیسیوں کے تسلسل کےلیے نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.