بدھ 12؍صفر المظفر 1445ھ30؍اگست 2023ء

سلمان بٹ نے شاہین آفریدی کے پہلے اسپیل کی تعریف میں کیا کہا؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اسپیل کو دنیا کے بڑے بڑے بیٹرز کے لیے امتحان قرار دیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ سب کو علم ہے  شاہین آفریدی کا نیا بال اندر آتا ہے اور وہ یارکر مارتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے بیٹرز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا پہلا اسپیل ایک امتحان ہوتا ہے، قومی ٹیم کو عالمی نمبر ون بننے پر بہت بہت مبارک ہو۔

قومی ٹیم سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ بھارتی بیٹرز اگر شاہین آفریدی کو کھیلنے کی پریکٹس کر رہے ہیں تو یہ ایک اچھی بات ہے، اچھا کھیلنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نمبر ون پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہوتی ہے، آگے پاکستان ٹیم کے لیے بڑے مشکل اہداف ہیں، جن میں ایک ایشیا کپ اور دوسرا ورلڈ کپ ہیں۔

سلمان بٹ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے، پاکستان ٹیم کے کھلاڑی متحد ہوکر کھیل رہے ہیں جو کہ اچھی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کی تکنیک بہت اچھی ہے، جس انداز سے سعود شکیل کھیلتے ہیں وہ ون ڈے کرکٹ میں بھی کامیاب ہوگا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے مڈل آرڈر بیٹر لمبی اننگز نہیں کھیل پاتے تھے، ایشیا کپ سے قبل سری لنکا میں کھیلنے کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے اس گراؤنڈ اور پچز پر کھیل چکے ہوں تو کنڈیشنز کا فائدہ ہوتا ہے، کپتان اور کھلاڑیوں نے سری لنکا میں کھیلنے کا کافی تجربہ حاصل کر لیا ہے۔

سلمان بٹ نے مزید کہا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں یہ اب فیصلہ لینے کے اہل ہیں، ویرات کوہلی اور روہت شرما کو آؤٹ کرلیتے ہیں تو باقی کھلاڑیوں کو پریشر میں کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر بھارتی کھلاڑیوں کے نام بڑے ضرور ہیں لیکن وہ مشکل میں اکیلے میچ نہیں جتوا سکتے، روہت شرما اور ویرات کوہلی اکیلے بھی اپنی ٹیم کو میچز جتواسکتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.