اتوار 9؍صفر المظفر 1445ھ27؍اگست 2023ء

الیکشن کمیشن نے ن لیگ سے مشاورت پر اعلامیہ جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ جاری مشاورتی عمل پر اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ای سی پی کا اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کے ساتھ مشاورت کی گئی۔

ن لیگی وفد نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی اور کہا کہ سی سی آئی نے مردم شماری کے نتائج اور اُس کی اشاعت اتفاق رائے سے منظور کی ہے۔

بریفنگ میں ن لیگی وفد نے ای سی پی کو بتایا کہ تمام سیاسی پارٹیوں نے معاہدہ کیا تھا 2023ء کے انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔

ن لیگ کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ حلقہ بندی کا شیڈول آئین اور قانون کے عین مطابق ہے، انتخابی فہرستوں کی تجدید کا عمل بھی حلقہ بندی کے ساتھ ساتھ ہونا چاہیے۔

ن لیگ کے مطابق حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی تجدید ایک ہی مرحلے میں مکمل ہو اور انتخابات کے انعقاد میں تاخیر نہ ہو۔

ن لیگ نے بریفنگ میں کہا کہ ضابطہ اخلاق پر مشاورتی عمل دوبارہ ہونا چاہیے،  نفرت انگیز تقریروں پر پابندی ہو، امیدواروں کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے صرف پوسٹر اور اسٹکرز کی اجازت ہونی چاہیے، میڈیا مہم پارٹی کی طرف سے ہو امیدوار کو اپنی میڈیا مہم کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی اور انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام ایک ساتھ مکمل کرے گی، ضابطہ اخلاق پر سیا سی جماعتوں سے مشاورت ہوگی، جس کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں گے، ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.