ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں پاکستان نے مزید دو میڈلز جیت لیے، دوسرے روز سوورڈ کے مقابلوں میں پاکستان نے ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل جیتا۔
مقابلے میں پاکستان کو چھٹے راؤنڈ تک برتری حاصل تھی، آخر میں سعودی عرب کو سبقت ملی، سعودی عرب نے 138.5 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان کے 132 پوائنٹس رہے۔
ٹیم رن کے آخری راؤنڈ میں چاروں نشانے اٹھانے تھے مگر دو مس ہوگئے، عران وٹو اور تصور عباس آخری راؤنڈ میں ہدف پر تلوار سے وار نہ کرسکے۔
چیمپئن شپ ٹیبل پر پاکستان ٹیم پانچویں سے دوسری پوزیشن پر آگئی۔
مجموعی چیمپئن شپ میں سعودی عرب کے 292.5 جبکہ پاکستان کے 275 پوائنٹس ہیں۔
دوسرے روز سوورڈ (تلوار) میں انفرادی کھلاڑیوں میں پاکستان کے وجاہت اللّٰہ کو برانز میڈل ملا۔
پہلے روز لانس کے مقابلوں میں پاکستان کے ناصر عباس نے بھی برانز میڈل جیتا تھا۔
ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے مقابلے جنوبی افریقا کے شہر جارج میں جاری ہیں، ایونٹ کے آخری روز کل مختلف کیٹیگریز کی چھ رنز ہوں گی۔
Comments are closed.