پیر 3؍صفر المظفر 1445ھ21؍اگست 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر مقدمات میں گرفتاری روکنے کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی دیگر مقدمات میں گرفتاری روکنے کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی گئی۔

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی۔

رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں آرٹیکل 184/3 کے اجزا کو پورا نہیں کیا گیا، درخواست گزار نے ذاتی مفاد سے متعلق درخواست 184/3 کے تحت دائر کی۔

درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے مختلف مقدمات میں گرفتاری روکنے سے متعلق رجوع کیا تھا۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہے کہ درخواست گزار نے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا، درخواست گزار کے پاس ٹرائل کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا متعلقہ فورم موجود تھا۔

اعتراض میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ثابت نہیں کر سکا کہ کونسا بنیادی حق متاثر ہوا اور یہ کیسے عوامی مفاد کا معاملہ ہے، ایک درخواست میں غیرمتعلقہ نہ سمجھ آنے والی مختلف استدعا کی گئیں۔

واضح رہے کہ وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین تحریک انصاف کی طرف سے آئینی درخواست دائر کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.