جمعہ30؍محرم الحرام 1445ھ18؍اگست 2023ء

پی سی بی اور کھلاڑیوں میں سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ آخری مرحلے میں داخل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔

پی سی بی آفیشلز اور کھلاڑی سری لنکا میں موجود ہیں، کھلاڑیوں نے پی سی بی کو کمرشل اور آئی سی سی سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بھی حصہ مانگ لیا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور تمام کھلاڑی ان دونوں سری لنکا میں ہیں، جن کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں مالی معاملات تو تقریباً حل ہوچکے ہیں البتہ کھلاڑیوں نے پی سی بی کو کمرشل اور آئی سی سی سے ملنے والی آمدنی اور سوشل میڈیا میں چلنے والے کھلاڑیوں کی کلپس سے ملنے والی آمدنی سے بھی حصہ مانگا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں 2 سے 3 سال کے لیے کھلاڑیوں کے کمرشل رائٹس کا بھی پابند کر رہا ہے، جس پر کھلاڑیوں کو تحفظات ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی مختلف ممالک میں لیگ کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے، جس کی وجہ سے بات چیت کا سلسلہ رک گیا تھا۔

اب پوری ٹیم سری لنکا میں موجود ہے اور پی سی بی کے آفیشلز بھی وہاں موجود ہیں تواسی ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ میں پیشرفت ہوسکتی ہے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان جلد کردیا جائے گا پی سی بی اور کھلاڑیون کے درمیان کسی معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.