جمعرات 29؍محرم الحرام 1445ھ17؍اگست 2023ء

ایئرپورٹ پولیس نے خاتون مسافر کے 40 لاکھ روپے کے زیورات برآمد کرلیے

کراچی کی ایئرپورٹ پولیس نے 40 لاکھ روپے مالیت کے گمشدہ زیورات برآمد کرکے خاتون مسافر کے حوالے کر دیے۔ 

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر حسن سردار نیازی کے مطابق، خاتون مسافر سائرہ مصطفیٰ شیخ 7 اگست کو اسلام آباد سے فلائی جناح کی پرواز 9 پی 671 سے کراچی پہنچی تھیں۔ 

حسن سردار کے مطابق، خاتون گھر پہنچیں اور اپنا سامان چیک کیا تو ان کے سامان میں شامل ایک بیگ موجود نہیں تھا جو کہ وہ ایئرپورٹ پارکنگ ایریا میں ٹرالی سے اٹھانا بھول گئی تھیں۔ 

ایئر پورٹ پولیس کے مطابق، خاتون نے ایئرپورٹ تھانے میں رپورٹ درج کروائی اور بتایا کہ بیگ میں 40 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، 40 ہزار روپے نقد، بینکوں کے مختلف کارڈز اور دستاویزات موجود تھیں۔ 

پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئر لائن کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی مگر کسی کو گمشدہ بیگ کے بارے میں معلومات نہیں تھیں۔ 

ایس ایچ او ایئرپورٹ انسپیکٹر کلیم موسیٰ کے مطابق، انہوں نے ایئرپورٹ پارکنگ ایریا کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کیا تو شکایت درج کروانے والی خاتون مسافر کی گاڑی کے ساتھ ایک اور گاڑی نمبر بی بی کے 158 بھی کھڑی پائی گئی۔ 

انسپیکٹر کلیم موسیٰ نے بتایا کہ مزید چھان بین کے دوران اس گاڑی کے ڈرائیور کو مذکورہ بیگ اٹھا کر لے جاتے دیکھا گیا جس کے بعد ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے مذکورہ گاڑی کا ریکارڈ نکلوایا گیا تو پتہ چلا کہ وہ گاڑی  فوجی فرٹیلائزر کی ملکیت ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے بارے میں یہ معلومات ملنے کے بعد کمپنی سے رابطہ کیا گیا تو کمپنی کے سیکیورٹی کے عملے نے مطلوبہ بیگ پولیس کے حوالے کیا جو کہ ان کے ڈرائیور نے لاوارث قرار دے کر کمپنی کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروایا تھا۔ 

پولیس کے مطابق، بیگ میں تمام سامان جوں کا توں موجود تھا جو خاتون کے حوالے کر دیا گیا۔ 

ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے اچھا کام کرنے پر ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ اور ان کی ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.