بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

اپنے ملک کے بارے میں مثبت خبریں پھیلائیں، کین ڈول

عدنان ظفر عرف پاکستانی کین ڈول نے یوم آزادی کے موقع پر برج خلیفہ پر قومی پرچم روشن نہ ہونے کے بارے میں افواہ پھیلانے والی صارف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کین ڈول نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دبئی میں برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم روشن نہ کیے جانے کی افواہ پھیلانے والی صارف پر شدید الفاظ میں تنقید کی ہے۔

اُنہوں نے اس ویڈیو میں کہا ہے کہ ایک بہت ہی فضول سی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں سستی شہرت حاصل کرنے کی خواہش میں ایک خاتون کہہ رہی ہے کہ رات کے 12 بج گئے ہیں اور ابھی تک برج خلیفہ پر پاکستان کا پرچم روشن نہیں کیا گیا، یہ عزت ہے ہماری۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اس کی معلومات میں اضافہ کردوں کہ کسی بھی ملک کے یومِ آزادی سے پہلے رات کے 12 بجے برج خلیفہ پر اس ملک کا جھنڈا روشن نہیں کیا جاتا بلکہ یومِ آزادی پر رات کو 8 سے 9 بجے کے شو میں اس ملک کے جھنڈے کو برج خلیفہ پر روشن کیا جاتا ہے۔

کین ڈول نے بتایا کہ لوگوں تک اپنے ملک کے بارے میں صحیح معلومات پہنچائیں، میں بتاتا ہوں کہ 14 اگست کو رات 8 سے 9 بجے کے شو میں بہت خوبصورت انداز میں پاکستانی پرچم کو روشن کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کی غلط معلومات پھیلانے پر تمہیں سخت سزا بھی مل سکتی ہے کیونکہ آپ ایک ملک کی غلط انداز میں نمائندگی کر رہی ہیں۔

پاکستان کے 76ویں یومِ آزادی کے موقع پر دبئی میں موجود دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو بھی سبز ہلالی پرچم کا نگ چڑھ گیا۔

کین ڈوم نے خاتون صارف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کے بارے میں مثبت خبریں پھیلائیں، اس طرح سے افواہیں نہ پھیلائیں۔

اُنہوں نے خاتون صارف کےاقدام کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو وہ والا حساب ہوا کہ بندر کے ہاتھ میں ماچس دی تو اس نے پورے جنگل میں آگ لگا دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.