بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

پولیس کا بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فرانزک کرانے کا فیصلہ

توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کے معاملے میں پولیس نے بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے پر بشریٰ بی بی سے 2 آڈیو لیکس سے متعلق سوالات کئے گئے ہیں جن کا انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آڈیوز میں آواز میری نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے انکار کے بعد پولیس ٹیم نے آڈیوز سنوائیں جس کے بعد انہوں نے آڈیوز کو فیک قرار دے دیا۔

بشریٰ بی بی 9 مئی واقعات کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش ہوگئیں جس کے بعد انہیں جج محمد سہیل نے شاملِ تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں آڈیوز کی فرانزک رپورٹ کو کیس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، پولیس کی تفتیشی ٹیم نے 25 سوال تیار کئے اور 23 سوال بشریٰ بی بی سے پوچھے جن میں زیادہ تر سوالات توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق تھے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں بنانے کا الزام رد کردیا اور جواب دیا کہ رسیدیں کہاں سے آئیں کس نے بنوائیں ہم نہیں جانتے، توشہ خانہ گھڑی سے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.