بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

شمالی وزیرستان، رزمک میں فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ 

مارے گئے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.