جمعرات 29؍محرم الحرام 1445ھ17؍اگست 2023ء

استحکام پاکستان پارٹی کا پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکامیاں سامنے لانے کا فیصلہ

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ناکامیوں کو سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں آئی پی پی کا اجلاس جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکامیاں سامنے لائیں گے۔

اجلاس میں طے پایا کہ توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوکس کریں اور بجلی کے بلوں کا ایشو بھی اٹھایا جائے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ عام انتخابات کے لیے سخت محنت کریں، جہاں کسی کو ضرورت ہوگی پارٹی مکمل مدد فراہم کرے گی۔

جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ نیا پاکستان بنانا خواب تھا اس خواب کو ضرور پورا کریں گے۔

اجلاس سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ واضح کرتا ہوں کہ پارٹی ہر حلقے سے الیکشن میں حصہ لے گی، دونوں حکومتیں آج ہونے والی تباہی و بربادی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو 300 یونٹ اور چھوٹے کسانوں کو ٹیوب ویل کی بجلی مفت دیں گے۔

عبدالعلیم خان نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بدنصیبی تھی کہ انہوں نے جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

اجلاس میں عمران اسماعیل، سردار تنویر الیاس، اسحاق خاکوانی، فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیاں شریک تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.