پیر 26؍محرم الحرام 1445ھ14اگست2023ء

محمد زبیر کا نواز شریف کی ستمبر میں وطن واپسی کا دعویٰ

سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگی قائد نواز شریف ستمبر میں پاکستان آئیں گے۔

کراچی کے علاقے ملیر میں جشن آزادی کی تقریب سے محمد زبیر، صدر ن لیگ سندھ شاہ محمد شاہ اور نہال ہاشمی نے خطاب کیا۔

محمد زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ میں دھڑے باعث تشویش ہیں، میں کسی دھڑے کا حصہ نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلم ایک ہوگئی تو زیادہ نشستیں جیت سکے گی، شاہ محمد شاہ سے کسی کو اختلاف ہے تو مجھ سے بات کرے۔

سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مجھ سے نواز شریف اور مریم نواز کہتے ہیں کہ پہلے پارٹی کو اکٹھا کرلیں اور پھر بلائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 30 برس بعد بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، سابق وزیراعظم ستمبر میں پاکستان آئیں گے۔

شاہ محمد شاہ نے خطاب میں کہا کہ نواز شریف پاکستان کو مضبوط کریں گے، پاکستان کاجھنڈا تھام لیں ن لیگ کو مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کارکن اور سپاہی ہوں اور رہوں گا، کوئی مسلم لیگ (ن) میں توڑ پھوڑ نہ کرے، پارٹی قائد وزیراعظم بنیں گے تو کہوں گا کہ مجھے ریٹائرمنٹ دے دیں۔

سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے خطاب میں کہا کہ قائداعظم اور تحریک پاکستان کے سیاسی اکابرین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین سے پوچھیں آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، ووٹ جس جماعت کو بھی ملے وہ پاکستان کا تحفظ کرے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی قوم کو ناچ گانے سے ترقی یافتہ بنانا چاہتے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.