ہفتہ 24؍محرم الحرام 1445ھ12؍اگست 2023ء

صدرِ مملکت نے انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیرِ اعظم تقرری کی سمری پر دستخط کردیے

بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم اتفاق کرلیا گیا جس کے بعد صدرِ مملکت نے ان کی بطور نگران وزیرِ اعظم تقرری کی سمری پر دستخط کردیے۔

ایوانِ صدر کی طرف سے جاری ہونے والے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت عارف علوی نے انوار الحق کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ون اے کے تحت دی۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائدِ حزب اختلاف راجا ریاض نے مشترکہ طور پر دستخط کر کے ایڈوائس صدر کو بھجوائی تھی۔

ترجمان کے مطابق اس معاملے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے قائدِ حزب اختلاف نے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی تھی۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے قائدِ حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور 16 ماہ میں بطور بہترین حزبِ اختلاف کی قیادت پر شکریہ ادا کیا۔

اس حوالے سے قائدِ حزب اختلاف راجا ریاض نے کہا ہے کہ ہم متفق ہیں کہ جو بھی نگران وزیرِ اعظم ہو وہ چھوٹے صوبے سے ہو، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ انوار الحق کاکڑ نگران وزیرِ اعظم ہوں گے۔

انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور ان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

انوار الحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین بھی ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں ق لیگ کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور وہ 2013 میں بلوچستان حکومت کے ترجمان رہے۔

انوار الحق کاکڑ نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس، سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.