پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، پارٹی اعلامیے میں کہا گیا کہ درخواست ضمانت پر سماعت میں بلاجواز تاخیر نظامِ عدل پر ایک سوالیہ نشان ہے۔
کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی فوری اجازت دی جائے۔
تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی نے پارٹی کارکنوں کو پرامن اور شاندار طریقے سے یومِ آزادی منانے کی ہدایت کی ہے۔
کور کمیٹی اجلا س میں ریویو آف ججمنٹ ایکٹ پر عدالتِ عظمٰی کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئینی اسکیم بدلنے کی کوششوں کے خلاف ایک مؤثر قدم ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت سے سزا یافتہ نواز شریف کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، عدالت عظمیٰ قومی انتخابات کو سازش و التواء کا شکار کرنے کی کوششوں کا بھی فوری نوٹس لے۔
کور کمیٹی نے کہا کہ عدالت نیب قانون میں ترامیم کے متعلق زیرِ سماعت درخواستوں پر بھی جلد فیصلہ کرے۔
Comments are closed.