ہفتہ 24؍محرم الحرام 1445ھ12؍اگست 2023ء

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے چین کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی

پاکستان نے چین کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پانچویں پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان نے چین کے خلاف نصف درجن گول کر ڈالے۔

بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی گول کی برسات کردی۔

پہلے کوارٹر میں پاکستان نے 4 گول کرکے پوزیشن مضبوط کرلی، دوسرے کواٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور ہاف ٹائم تک پاکستان کو 0-4 کی برتری حاصل تھی۔

تیسرے کوارٹر میں چین نے میچ کا پہلا اور واحد گول کیا، چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے مزید 2 گول کیے اور مقابلہ ایک کے مقابلے میں 6 گول سے جیت کر ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عماد اور سفیان نے 2، 2 جبکہ عبدالحنان اور رانا وحید نے 1، 1 گول کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم نے 6 میچز کھیلے، 2 میں کامیابی حاصل کی، 2 میچز میں شکست اور 2 میچز ڈار ہوئے۔

یوں پاکستان ٹیم نے ایونٹ پانچویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر کیا جو ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی سب سے خراب کارکردگی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.