بدھ 21؍محرم الحرام 1445ھ9؍اگست 2023ء

کرکٹ ورلڈکپ: ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز اگست کے آخر میں ہوگا

اس سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کی ٹکٹیں ایونٹ کے آغاز سے صرف 40 روز قبل فروخت کےلیے دستیاب ہوں گی جس کے بعد انٹرنیشنل فینز کا ایونٹ کےلیے بھارت سفر کرنا ایک دشوار عمل بن جانے کا خدشہ ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایونٹ ری شیڈول کرنے کے بعد اعلان کیا کہ 5 اکتوبر سے ہونے والے ورلڈکپ کی ٹکٹیں فروخت کیلئے 25 اگست سے فروخت ہوں گی۔ 

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے 9 میچز کو ری شیڈول کیا ہے، نئے شیڈول میں پاکستان کے 3 میچز شامل ہیں۔

ٹکٹوں کی فروخت مرحلہ وار ہوگی۔ 25 اگست سے پہلے مرحلے میں ان میچز کی ٹکٹیں فروخت کےلیے دستیاب ہوں گی جن میں بھارت کی ٹیم شریک نہیں۔

بھارت کے میچز کی ٹکٹیں شہروں کے حساب سے 30 اگست سے 3 ستمبر کو فروخت کےلیے پیش ہوں گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان احمدآباد میں 14 اکتوبر کو شیڈولڈ میچ کی ٹکٹیں 3 ستمبر سے فروخت ہوں گی۔

فینز ٹکٹوں کی فروخت کےلیے 15 اگست سے ویب سائٹ پر دلچسپی ظاہر کر پائیں گے۔

تاہم فینز کا کہنا ہے کہ ٹکٹیں اگر ورلڈکپ سے صرف 40 روز قبل ہی فروخت کےلیے دستیاب ہوں گی تو وقت کی تنگی کی وجہ سے ورلڈکپ کےلیے بھارت سفر کرنے والے فینز کےلیے سفری انتظامات کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ 

ماضی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ٹکٹوں کی فروخت کئی ماہ پہلے شروع کی جاتی رہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.