جمعہ 23؍محرم الحرام 1445ھ11؍اگست 2023ء

پنجاب، قیدیوں کو جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شامل کرنے کی ہدایات

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب فاروق نذیر نے قیدیوں کو جشن آزادی کی خوشیوں میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

آئی جی جیل خانہ جات نے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کے نام مراسلہ جاری کردیا جس کے مطابق 14،13 اور 15 اگست کی تمام سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس جیل کی منظور شدہ چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

مراسلے کے مطابق تمام سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل 14 اگست کو اپنی جیلوں میں موجود رہیں گے اور 14 اگست کو دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جشنِ آزادی کی تقریب میں کیک کاٹا جائے گا اور قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سیاسی شخصیات کو تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیل کی عمارتوں پر چراغاں اور جیل کے اندر جھنڈیوں سے سجاوٹ کی جائے گی، تمام جیل افسران اور اہلکار دورانِ ڈیوٹی پاکستانی جھنڈے کا بیج اپنے کالر یا سینے پر لگائیں گے۔

مراسلے کے مطابق سیکیورٹی کے پیشِ نظر کسی غیر متعلقہ شخص کو جیل کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے، قیدیوں کو جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے تمام جیلوں میں تقریبات ہوں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.