منگل 20؍محرم الحرام 1445ھ 8؍اگست 2023ء

ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے نوجوانوں کیساتھ ہاتھ کیا گیا، علیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے نوجوانوں کے ساتھ ہاتھ کیا گیا۔

لاہور میں عبدالعلیم خان سے ڈاکٹروں کے وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ نمل اور شوکت خانم کا ماڈل دکھا کر بزدار اور فرح گوگی کو لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جان بوجھ کر کرپٹ، نالائق اور نااہل لوگوں کا انتخاب ہوا۔

عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی آسائش سے گزارنا آسان اور ملکی خدمت کا راستہ مشکل ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک نیچے جارہا ہو اور ہم سب تماشہ دیکھتے رہیں۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں تو اس سے بڑی اور کوئی عوامی خدمت نہیں ہو سکتی، اصل چیلنج یہی ہے کہ یوتھ مخلص ہو کر ملک و قوم کے لیے عملی کام کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم وہی وعدے کریں گے جو حقیقت پسندانہ اور قابل عمل ہوں، استحکام پاکستان پارٹی یوتھ کے لیے خصوصی ممبرشپ شروع کر رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.