پیر 19؍محرم الحرام 1445ھ7؍اگست2023ء

ورلڈکپ کوالیفائر: پی ایف ایف کا کمبوڈیا کیخلاف ہوم لیگ سعودی عرب میں کروانے پر غور

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اس سال اکتوبر میں شیڈول فیفا ورلڈکپ کوالیفائر میں کمبوڈیا کے خلاف میچ کا ہوم لیگ سعودی عرب میں کروانے پر غور شروع کردیا۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پی ایف ایف 17 اکتوبر کو شیڈول ہوم میچ کےلیے مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں سعودی عرب فٹبال فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے میچ کی میزبانی کےلیے سعودی عرب کے وینیوز کی دستیابی سے متعلق دریافت کیا ہے اور ساتھ ساتھ سعودی عرب میں ہی ٹریننگ کیمپ لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس میں سعودی کلبز سے میچز کی تجویز بھی شامل ہے تاہم سعودی حکام نے اس پر پی ایف ایف کو حتمی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کا پنجاب اسٹیڈیم اور اسلام آباد کا جناح اسٹیڈیم اے ایف سی سے منظور شدہ تو ہے مگر فیفا کے تازہ معیار کے مطابق اپ ڈیٹ نہیں جس کی وجہ سے پی ایف ایف کو چیلنجز درپیش ہیں۔

گو کہ پی ایف ایف نے اسلام آباد میں میچ کروانے کا آپشن مکمل ختم نہیں کیا تاہم وہاں میچ کے امکانات کم ہی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 10 اگست تک ہوم میچ کا وینیو فائنل کرکے فیفا اور اے ایف سی کو آگاہ کرنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.