متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مشترکہ مفادات کونسل سے منظور مردم شماری سے مطمئن نہیں ہے۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مردم شماری کی غلط رپورٹ کو جتنا ممکن تھا ٹھیک کرنے کی کوشش کی ہے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن ایم کیو ایم کا مطالبہ تھا، 22 مئی کو پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 54 لاکھ بتائی گئی تھی۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ 5 اگست کو پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ کنفرم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں جو غلطیاں ہورہی تھی اس کو سامنے لایا گیا، ہم نے مردم شماری پر لوگوں کو آگاہی دی کانفرنسز کروائی، ہم نے مردم شماری ہماری ریڈ لائن ہے کا ٹرینڈ چلایا، مردم شماری سے متعلق ہم نے وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کیا، چاہتے تھے عام انتخابات نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر کروائے جائیں، ہمارا یہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والے مردم شماری میں ایک فرد کا بھی اضافہ نہیں کروا سکے، کراچی کی آبادی میں ہم نے اضافہ کروایا، یہ ہماری بڑی کامیابی ہے، اس وقت کراچی کی آبادی 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، بینرز لگانے، مظاہرہ کرنے والے ایک بھی بندہ بازیاب نہیں کر وا سکے، ہم مظاہرہ کیے بغیر 70 لاکھ لوگوں کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Comments are closed.