اتوار 18محرم الحرام 1445ھ6؍اگست2023ء

فیفا ویمنز ورلڈکپ: سوئیڈن کامیاب، دفاعی چیمپئن امریکا آؤٹ، پہلی مرتبہ میڈل سے محروم

فیفا ویمنز فٹبال ورلڈکپ میں سوئیڈن نے دفاعی چیمپئن امریکا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ ایونٹ کی تاریخ میں امریکا کو پانچویں شکست ہوئی جبکہ امریکی ٹیم پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک پہنچنے سے محروم ہوگئی۔

میلبرن میں دفاعی چیمپئن امریکا اور سوئیڈن کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ دونوں جانب سے برتری کےلیے حملے ہوتے رہے، سوئیڈن کی گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے۔ میچ میں کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی، اضافی وقت میں کوئی گول نہ بنا اور مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گیا۔

یہاں بھی مقابلہ ڈرامائی رہا، پہلے سوئیڈش کھلاڑی نے پنالٹی مس کی، پھر امریکی نے، دونوں جانب سے لگاتار دو دو پنالٹی مس ہوئی۔ پانچ پانچ شوٹ آؤٹ پر مقابلہ تین تین گول رہا۔

اس کے بعد بھی پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سلسلہ جاری رہا، امریکا کی جانب سے لگائی گئی ساتویں کک گول پوسٹ پر لگی جبکہ سوئیڈش کھلاڑی کی لگائی کک نے امریکا کا سفر پری کوارٹر فائنل میں ختم کردیا۔

سوئیڈن نے میچ 4 کے مقابلے میں 5 گول سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

خیال رہے کہ اب تک فیفا ویمز ورلڈکپ کے 8 ایونٹ ہوچکے ہیں اور امریکی ویمنز ٹیم نے ناصرف تمام ایونٹس کے فائنل فور میں جگہ بنائی بلکہ اس نے ہر ورلڈکپ میں کوئی نا کوئی میڈل حاصل کیا۔ 

امریکی ٹیم نے چار مرتبہ ٹائٹل جیتا، ایک مرتبہ رنر اپ رہی جبکہ تین مرتبہ اس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس سے پہلے کھیلے گئے ایک اور میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کے خلاف 9ویں منٹ میں برتری حاصل کی اور ہاف ٹائم تک اسکور ایک صفر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی ڈچ ٹیم چھائی رہی، 68ویں منٹ میں بیرینسٹین نے اسکور 0-2 کر دیا۔ اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور نیدرلینڈز دو گول کی فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.