اتوار 18محرم الحرام 1445ھ6؍اگست2023ء

نئی مردم شماری ہماری کوششوں سے منظور ہوئی، خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ نئی مردم شماری ہماری کوششوں سے منظور ہوئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کوششوں سے کراچی کی مزید 70 لاکھ آبادی برآمد ہوئی، مزید موقع ملا تو باقی کسر بھی نکالیں گے، کراچی کی آبادی 3 کروڑ گنوائیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جہاں جہاں مردم شماری سے متعلق زیادتی کی گئی ہم نے آواز اٹھائی، ہماری آواز پر مردم شماری کروائی گئی، یہ ہماری کامیابی ہے، ہماری ایک اور کامیابی ہے کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر کروائےجائیں گے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہر مردم شماری میں شہری آبادی کو کم دکھایا جاتا رہا ہے۔ 2017 کی مردم شماری کے بعد ہم سپریم کورٹ گئے اور خدشہ ظاہر کیا تھا، وقت پر مردم شماری صرف ایم کیو ایم کی وجہ سے ہوئی۔

خالد مقبول نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری میں سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کو آدھا دکھایا گیا، سندھ حکومت کی انتظامیہ کے ذریعے7 اپریل کو اعلان ہوا 98 فیصد آبادی گن لی گئی، اتنے بڑے شہر کی پچھلی مردم شماری کے مقابلے میں20 لاکھ آبادی کم کر دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 اپریل کو کراچی کی آبادی ایک کڑور 35 لاکھ دکھائی گئی تھی، اب کراچی کی آبادی 2 کڑور 5 لاکھ ہے، 4 مہینے میں آبادی کا اضافہ 70 لاکھ ہوا، ہم نے اپنا مقدمہ جیت لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کہا تھا ثابت کیا، ہمارا سندھ حکومت اور بلدیاتی حکومت میں کوئی حصہ نہیں، سندھ کے شہری علاقوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جو کسر رہ گئی ہے وہ بھی پورا کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.