پیر 19؍محرم الحرام 1445ھ7؍اگست2023ء

والد نے پرویز الہٰی کو تعمیراتی ٹھیکے کیلئے 2 کروڑ روپے دیے، محمد وقار

تعمیراتی کمپنی کے مالک کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ٹھیکے کیلئے 2 کروڑ روپے دیے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف رشوت لینے کے الزام کے کیس میں تعمیراتی کمپنی کے مالک کے بیٹے محمد وقار نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرا دیا۔

محمد وقار نے سینئر سول جج محمد افضل کی عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا۔

محمد وقار نے بیان میں کہا کہ والد نے سڑک تعمیر کا ٹھیکہ لینے کیلئے سہیل اصغر سے رابطہ کیا تھا، اُس نے 2 کروڑ روپے کا بندوبست کرنے کا کہا۔ 

ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ پرویزالہٰی کو پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رقم کا انتظام ہونے پر سہیل اصغر نے والد کی پرویز الہٰی سے ملاقات کروائی، سابق وزیراعلیٰ کے سابق سیکریٹری محمد خان بھٹی کے سامنے والد نے 2 کروڑ روپے پرویز الہٰی کو دیے۔

محمد وقار نے کہا کہ پرویز الہٰی نے ہائی وے افسران سے سڑک تعمیر کا ٹھیکہ والد کو دینے کا کہا۔

خیال رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ 28 اپریل 2023 کو درج کیا گیا تھا، اس سے پہلے سول عدالت نے مبینہ رشوت کیس میں پرویز الہٰی کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام نے عدالتی فیصلہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے، اینٹی کرپشن حکام محمد وقار کے بیان کو آئندہ پیشی پر لاہور ہائیکورٹ میں بھی پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ پرویز الہٰی کے خلاف گجرات پرانا جی ٹی روڈ کی تعمیر کے ٹھیکے میں رشوت لینے کا الزام ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.