منگل 13؍محرم الحرام 1445ھ یکم اگست 2023ء

سرجانی، نیوکراچی میں پانی کے کنکشن بحال نہ کرنے پر بلاول ہاؤس جائیں گے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے نارتھ کراچی، نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں پانی کے کنکشن کی بحالی کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔ ان کا کہنا ہے اگر پانی کے کنکشن بحال نہ کیے گئے تو بلاول ہاؤس کا رخ کریں گے۔

جماعت اسلامی کے تحت فور کے چورنگی، نارتھ کراچی، نیو کراچی ، سمیت دیگر علاقوں میں کئی روز سے پانی کی بندش کے خلاف  مظاہرہ کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور علاقہ مکینوں کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور سٹی کونسل میں تحریک انصاف کی رکن جبینہ نے بھی شرکت کی۔

حافظ نعیم نے الزام عائد کیا کہ میئر کراچی نے ووٹ نہ دینے پر ان علاقوں کے مکینوں سے بدلہ لیا ہے اور پانی کے جائز کنکشن کٹوائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتقامی کارروائی کے باوجود سرجانی، نیو کراچی، نارتھ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے، پورا کراچی پیپلز پارٹی کی مافیائی سیاست سے تفرت کرتا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پانی بحال نہیں ہوا تو ہم پہلے واٹر بورڈ کے آفس پھر بلاول ہاؤس جائیں گے۔

مظاہرین سے خطاب میں ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف کا کہنا تھا  کہ گھر کے نلوں میں پانی نہ آنے تک عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.