اتوار 18محرم الحرام 1445ھ6؍اگست2023ء

سانحہ باجوڑ نے پوری امت کو نڈھال کردیا، فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سانحہ باجوڑ نے پوری امت کو نڈھال کردیا ہے۔

ایک بیان میں فضل الرحمان نے کہا کہ سفاکوں نے امن کے نام سے ہونے والے اجتماع پر حملہ کیا، یہ صرف جے یو آئی پر نہیں، پاکستان اور امت مسلمہ پر حملہ ہے، کارکن امن کی آواز بلند کر رہے تھے اور مفسدین نے فساد کیا۔

شہباز شریف اور راجہ پرویز اشرف نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ جا کر ملاقات کی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمیں اطمینان ہے ہم امن کے علمبردار ہیں، حملہ آور جاہل سفاک قاتل اور اسلام کے دشمن ہیں، ملک دشمنوں کے خلاف ہماری امن کی تحریک جاری رہے گی۔

فضل الرحمان نے کہا کہ شہید ہونے والے میرے بھائی، ساتھی اور جے یو آئی کے کارکن تھے، سیاسی محاذ پر فساد سے ہمارا راستہ روکا جارہا ہے، اس طرح کے واقعات سے جے یو آئی کا عوام سے رابطہ توڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے گھناؤنے عمل سے نہ پہلے راستہ روک سکے ہو نہ آج روک سکتے ہو۔

فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اس سے پہلے قبائلی زعماء کا جرگہ بلانے کی تجویز ہے، زعماء اور پختون قیادت بیٹھے اور اس خطے کے بارے میں سوچیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.