بدھ 7؍محرم الحرام 1445ھ26؍جولائی 2023ء

مہنگائی میں کمی ہوگی، وزارتِ خزانہ کی نوید

وزارت خزانہ نے مہنگائی میں کمی ہونے کی نوید سنا دی، ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں کہا کہ پیٹرول ڈیزل سستا ہونے سے ضروری اشیاء سستی ہوں گی، ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہوں گے۔

وزارت خزانہ کی ماہانہ اقتصادی رپورٹ  میں کہا گیا کہ جولائی میں مہنگائی کی شرح میں کمی کا امکان ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے ضروری اشیاء سستی ہوں گی، پیٹرولیم مصنوعات سستی کرنے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی ہوگی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ عالمی منڈی میں گھی کی قیمت کم ہو رہی ہے، سیاسی استحکام اور ایکسچینج ریٹ مستحکم ہونے سے قیمتیں قابو میں رہیں گی، جولائی میں مہنگائی کی شرح 25 سے 27 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جنوری سےجون تک 3 لاکھ 93 ہزار 455 افراد کو بیرون ملک ملازمت ملی۔ 2023 ملکی معیشت کےلیے مشکل سال تھا۔ 2024 میں معاشی شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے حالیہ معاہدے سے معاشی بحالی ممکن ہوگی، دوست ممالک اور بین الاقوامی اداروں سے فنڈز دستیاب ہو سکیں گے۔ 2023 میں تریسلات زر میں 13.6 فیصد کمی ہوئی، برآمدات میں 14.1 فیصد اور درآمدات میں 27.3 فیصد کمی ہوئی۔

وزارتِ خزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا  گیا کہ 2023 میں جاری کھاتوں کے خسارے میں 85.4 فیصد کمی ہوئی۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 24.8 فیصد کمی ہوئی، زر مبادلہ کے ذخائر  14 ارب 13 کروڑ ڈالرز رہے، گزشتہ برس فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) محاصل میں 16.6 فیصد اضافہ ہوا، نان ٹیکس آمدن میں 31.3 فیصد اضافہ ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.