منگل 6؍محرم الحرام 1445ھ25؍جولائی 2023ء

پاکستان آنے والی بھارتی خاتون انجو کے شوہر کا پہلا بیان سامنے آگیا

پاکستان کے علاقے دیر بالا آنے والی بھارتی خاتون انجو کے شوہر اروند کمار کا کہنا ہے کہ میری بیوی نے جانے سے پہلے مجھے بتایا کہ وہ جے پور میں اپنی سہیلی سے ملنے جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اروند کمار کا کہنا تھا کہ مجھےکل رات وائس کال میں بیوی نے کہا کہ میں لاہور میں ہوں، مجھے نہیں معلوم وہ لاہور کیوں گئی، ویزا اور دیگر سامان کیسے حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں عام طور پر اپنی بیوی کا فون یا اس کے میسجز چیک نہیں کرتا۔

بھارت سے آئی خاتون انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللّٰہ سے نکاح کر لیا۔

اروند کمار کا کہنا تھا کہ میری بیوی کے کیس کو سیما حیدر کے کیس سے نہیں جوڑا جاسکتا، اہلیہ نے کہا دو سے تین دن میں آجائے گی، میں نے پولیس میں رپورٹ نہیں کرائی۔

انجو کے خاوند نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا کہ وہ مجھے بتائے بنا کہیں گئی، یہ دھوکا ہے، واپس آنے پر بچے اس کے ساتھ رہنے نہ رہنے کا فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیوی کے والدین کو بلا کر ہم مل کر فیصلہ کریں گے کہ مزید کیا اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے اپیل ہے اس کے پاس تمام قانونی دستاویزات ہیں تو واپس آنے دیا جائے۔

انجو کی بیٹی اینجل کا کہنا ہے کہ ہم اپنے گھر میں والد کے ساتھ رہتے ہیں، والدہ چار، پانچ دن پہلےگئی ہیں، کہاں گئیں نہیں پتا۔

بھارتی خاتون انجو چند روز پہلے بھارت سے پاکستان کے علاقے دیر بالا پہنچی تھی، جہاں اس کے اسلام قبول کرنے اور نصراللّٰہ نامی پاکستانی نوجوان سے نکاح کرنے کی اطلاعات ہیں اور مبینہ نکاح نامہ بھی سامنے آگیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.